اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادارے کھولنے یا بند رکھنے کا فیصلہ منگل کو کیا جائے گا۔
وزیر تعلیم نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس سے متعلق ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ تعلیم اور صحت کے وزرا کی منگل کو این سی او سی کے اجلاس میں میٹنگ ہوگی۔
شفقت محمود نے کہا کہ منگل کی میٹنگ میں امتحانات کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوگی جبکہ فیصلہ تعلیم اور صحت کے وزراء اور نیشنل کمانڈ آپریشن سنٹر (این سی ای او سی) کے حکام مل کر کریں گے۔
واضح رہے کہ کورونا کی تیسری لہر پھیلنے کے باعث 8 فیصد سے زائد مثبت کیسز شرح والے شہروں میں تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند کردیے تھے ۔ جن اداروں میں امتحانات ہو رہے تھے ان کو بھی ملتوی کردیا گیا تھا۔
سندھ میں جہاں کورونا کی صورتحال اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختونخوا سے بہتر ہے وہاں بھی 8 ویں جماعت تک 15 دن کے لیے سکول بند کرنے کی تجویر ہے۔
سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی کی زیر صدارت سٹئیرنگ کمیٹی اجلاس میں یہ تجویز سامنے آئی جس کو منگل کو این سی او سی کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔
سندھ کی طرف سے تعلیمی ادارے بند کرنے کی تجویز کی پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن نے مخالف کی ہے۔ پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اگر تعلیمی ادارے بند کرنے ہیں تو پھر مارکیٹس بھی بند کی جائیں۔