سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی آج 42 ویں برسی

10:22 AM, 4 Apr, 2021

لاڑکانہ : پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین، سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 42 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔  پی پی پی کی جانب سے ملک بھر میں کورونا ایس او پیز کا خیال کرتے ہوئے دعائیہ تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔

نیو نیوز کے مطابق ذوالفقار علی بھٹو کی  42ویں برسی کے موقع پر نوڈیرو ہاؤس کے ہیلی پیڈ پر مختصر تقریب ہوگی۔تقریب سے بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔

سابق صدر  آصف علی زرداری نے ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پراپنے  پیغام میں کہا ہے کہ بھٹو شہید نے قوم کو فخر سے سر اٹھاکر جینے کا ڈھنگ سکھایا۔ بھٹو نے دنیا کو بتا دیا لیڈر موت کو شان سے قبول کرتا ہے اصولوں پر سمجھوتا نہیں کرتا۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ ہم نے 18 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے شہید بھٹو کے وعدے کی تکمیل کی۔ کچھ عناصر 18 ویں آئینی ترمیم کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں جنہیں ناکام بنائیں گے۔ 

 واضح رہے کہ  پیپلزپارٹی  ذوالفقاربھٹو کی 42 ویں برسی پر راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسہ کرنا چاہتی تھی ۔کورونا کی تیسری لہر کے باعث جلسے کو منسوخ کردیا گیا تھا۔

 ضلعی انتظامیہ راولپنڈی نے بھی  پیپلز پارٹی کو لیاقت باغ میں جلسے کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا کے پھیلاؤ کا خطرہ ہے اور پنجاب حکومت کی ہدایت پر شہر بھر میں سیاسی اور اجتماعی تقریبات پر پابندی عائد ہے۔

دوسری جانب وزارت صحت سندھ نے بھی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کو راولپنڈی میں جلسہ منسوخ کرنے کی تجویز دیتے ہوئے سندھ میں وبا پھیلنے کے خدشات سے آگاہ کیا تھا۔

وزارت صحت سندھ کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں کوروناکاپھیلاؤ17فیصد اور سندھ میں2فیصدہے، راولپنڈی میں جلسہ ہوا تو سندھ بھی کورونا کی لپیٹ میں آسکتاہے، بہترہوگاکوروناسےبچاؤ کیلئےراولپنڈی میں جلسہ منسوخ کیاجائے۔

مزیدخبریں