اسلام آباد:سول ایوی ایشن نے کورونا صورتحال کے پیش نظر برٹش ایئرویز کی مزید پروازوں کی درخواست کو التوا میں ڈال دیا۔
نیو نیوز کے مطابق برٹش ایئرویز نے پاکستان کیلئے اپنی مزید 10پروازوں کی اجازت طلب کی تھی۔کورونا کی تیسری لہر کے پیش نظر سول ایوی ایشن نے ایس اوپیز پر مزیداحتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے برطانوی ایئرلائن کی مزید پروازوں کی اجازت نہیں دی۔
واضح رہے کہ برطانیہ نے بھی دو دن قبل عالمی وبا کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر پاکستان کو سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ میں شامل کر لیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق سفری پابندیوں کی ریڈلسٹ میں شامل ممالک سے صرف برطانوی اور آئرش شہریوں کو ملک میں داخلے کی اجازت ہو گی۔ ریڈلسٹ میں شامل ممالک سے برطانیہ آنے والے برطانوی شہریوں کو 10 دن قرنطینہ کرنا ہو گا۔ ریڈلسٹ میں شامل ممالک سے برطانیہ آنے والوں پر پابندی کا اطلاق 9 اپریل سے ہو گا۔
پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے بھی برطانیہ کی جانب سے پاکستان کو سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ میں شامل کرنے کے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کیا تھا۔