گڑھی خدا بخش: پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے حکومت کو للکارتے ہوئے بے نامی اکاؤنٹس کو قصے، کہانیاں اور جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے حقوق چھیننے کی کوشش کی تو دیوار بن جائیں گے۔
ذوالفقار علی بھٹو کی چالیسویں برسی پر خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ یہ کیا سمجھتے ہیں کہ نیب گردی کے ذریعے بی بی شہید کا بیٹا ڈر جائے گا؟ ہم ظلم کی ہر طاقت سے ٹکرائیں گے۔ شہیدوں کی زمین پر وعدہ کرتا ہوں کہ کبھی عوام کو مایوس نہیں کرونگا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ آج بھی بھٹو شہید کی سوچ، نظریے اور ذکر سے ڈرتے ہیں۔ یہ اتنا ڈرتے ہیں کہ بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام سے بے نظیرکا نام نکالنے کی سازش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے نظام عدل کو اپنی اصلاح کرنا ہو گی۔ بھٹو شہید کو انصاف ملنے سے انصاف کی ابتدا ہو گی۔ مایوسی اور انتظار کے باوجود انہی عدالتوں سے انصاف کے لیے پرامید ہوں۔