لاڑکانہ: پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی چالیس ویں برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں میلے کا سماں ہے۔ گڑھی خدا بخش میں مرکزی تقریب اور جلسے کی تیاریاں مکمل، 6 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات، 58 واک تھرو گیٹ اور 88 سی سی ٹی وی کیمرے لگا دیئے گئے۔ جیالوں کو آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے خطاب کا انتظار ہے۔
پارٹی کارکن اپنے محبوب قائد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پہنچ رہے ہیں۔ کارکن پارٹی رنگ کی ٹوپیاں اور گلے میں پٹکے ڈالے پہنچے، روایتی سندھی لباس میں ملبوس خواتین کارکنوں نے نعرے لگائے۔ مقامی رہنماؤں نے اپنے محبوب قائد کے مزار پر پھول رکھے اور نعرے بازی بھی کی۔
معذور کارکن بھی پارٹی رنگوں میں سج کر جوش و خروش کے ساتھ آیا۔ پنڈال تک پہنچنے کے لئے واک تھرو گیٹ پر کارکنوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔
گڑھی خدا بخش خواتین کارکنوں کے ساتھ شیر خوار بچے بھی دیکھے گئے۔ بھٹو خاندان کی تصویریں بھی فروخت کے لئے رکھی گئی ہیں جنہیں جیالے چومتے دکھائی دیئے۔
پندال کے باہر پارٹی پر چم، ٹوپیاں، پٹکے، بیجز اور جھنڈیوں کے سٹال سجائے گئے۔ جیالوں نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے کھانے پر بھی اپنے مخصوص انداز میں ہاتھ صاف کیا۔