کینسر کا شکار عرفان خان صحت مند زندگی کی طرف لوٹنے لگے

11:27 AM, 4 Apr, 2019

ممبئی:بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار عرفان خان کے دنیا بھر میں موجود کروڑوں مداح گزشتہ برس اس وقت پریشان ہوگئے تھے جب اداکار کو کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔

عرفان خان کو مارچ 2018 میں نیورو اینڈو کرائن کا مرض لاحق ہوگیا تھا اور وہ علاج کے لیے بھارت سے برطانیہ منتقل ہوگئے تھے۔عرفان خان نے جہاں بیماری کے علاج کے دوران بھی ہمت نہیں ہاری اور اپنے مداحوں کو وقتا بوقتا اپنی صورتحال سے آگاہ کرتے رہتے تھے۔

وہیں ان کی زندگی پر ایک وقت ایسا بھی آیا تھا جب وہ زندگی سے مکمل طور پر مایوس دکھائی دیے تھے، تاہم بعد ازاں ان کی صحت بہتر ہونے لگی۔گزشتہ برس اگست تک عرفان خان کی برطانیہ میں 6 کیموتھراپیاں کی گئی تھیں، جس کے بعد رواں برس فروری میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ وہ لندن سے بھارت منتقل ہوگئے ہیں۔

فروری میں سامنے آنے والی خبروں میں بتایا گیا تھا کہ جلد ہی عرفان خان 2017 کی اپنی کامیاب فلم ’ہندی میڈیم‘ کے سیکوئل کی شوٹنگ سے پھر سے اداکاری کا آغاز کریں گے۔تاہم اس خبر کو 2 ماہ گزر گئے لیکن عرفان خان کو منظر عام پر نہیں دیکھا گیا تھا، لیکن اب پہلی بار انہیں منظر عام پر دیکھا گیا ہے۔

شوبز صحافی وائرل بھیانی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر عرفان خان کی نئی تصاویر اور ویڈیو جاری کیا، جس میں انہیں صحت مند دیکھا جا سکتاہے۔عرفان خان 2 اپریل کو ممبئی ایئرپورٹ پر تنہا دیکھا گیا۔یہ گزشتہ برس جولائی کے بعد پہلا موقع تھا کہ عرفان خان کو اس قدر صحت مند اور تنہا دیکھا گیا، ورنہ انہیں خاندان کے افراد کے ساتھ انتہائی کمزوری کی حالت میں دیکھا جاتا رہا ہے۔

عرفان خان کو ممبئی ایئرپورٹ پر سر پر کیپ پہنے اور چہرے پر سیاہ رنگ کے کپڑے کے نقاب کے ساتھ دیکھا گیا، تاہم بعد ازاں انہوں نے فوٹوگرافرز اور مداحوں کی فرمائش پر چہرے سے نقاب ہٹایا۔اداکار کی سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں انہیں صحت مند حالت میں دیکھا جا سکتا ہے۔عرفان خان کے منظر عام پر آنے کے بعد اب خیال کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی وہ فلموں کی شوٹنگ کا آغاز کردیں گے۔

مزیدخبریں