اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے آصف علی زرداری کی نااہلی درخواست پر سابق صدر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 2 ہفتے میں جواب طلب کر لیا۔ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ سیاسی تنازعات کیلئے متعلقہ فورم پارلیمنٹ ہی ہونا چاہئے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں آصف زرداری کی نااہلی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا ایسے معاملات پارلیمنٹ میں حل کیوں نہیں ہوتے؟۔ آپ لوگ ایف بی آر میں بھی تو جا سکتے تھے اور سیاسی تنازعات کو عدالتوں میں ہی کیوں لے آتے ہیں؟۔ اس عدالت کے سامنے 18 ہزار دیگر درخواستیں پڑی ہیں اور دیگر فورمز کی موجودگی میں درخواست کو عدالت ہی کیوں سنے۔
وکیل عثمان ڈار نے کہا امریکا میں فلیٹ کاغذات نامزدگی میں چھپائے گئے ہیں جس پر جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ آپ پاناما کیس میں سپریم کورٹ کا فیصلہ پڑھ سکتے ہیں اور آپ کے پاس تو تمام فورمز دستیاب ہیں۔ آپ پہلے مطمئن کریں کیونکہ عدالت کے علاوہ کوئی اور فورم موجود نہیں۔