کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا تسلسل جاری کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی تیزی رہی اور کے ایس ای 100 انڈیکس کی46100 کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی۔
سرمایہ کاری مالیت میں مزید 11 ارب 94 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ، کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت 4.41 فیصد کم جبکہ 56.41 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ حکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہاؤسز سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے کیمیکل، توانائی، بینکنگ اور سیمنٹ سیکٹر سمیت منافع بخش سیکٹر میں سرمایہ کاری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100 انڈیکس کی 46400 پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی بحال ہوگئی تاہم فروخت کے دباؤ اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکا، تاہم تیزی کا تسلسل سارا دن جاری رہا۔
مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس90.27 پوائنٹس اضافے سے 46103.61 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی طور پر 390 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا، جن میں سے 220 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 152 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 18 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔ سرمایہ کاری مالیت میں 11 ارب 94 کروڑ 79 لاکھ 43 ہزار 909 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر 94 کھرب 50 ارب 30 کروڑ 70 لاکھ 36 ہزار 710 روپے ہو گئی۔
بدھ کو 27 کروڑ 1 لاکھ 77 ہزار 880 شیئرز کا کاروبار ہوا، جو منگل کی نسبت 1 کروڑ 24 لاکھ 64 ہزار 730 شیئرز کم ہے۔ قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے کولگیٹ پامولیو کے حصص سرفہرست رہے، جس کے حصص کی قیمت 147.32 روپے اضافے سے 3139.00 روپے اور انڈس ڈائنگ کے حصص کی قیمت 25.75 روپے اضافے سے 540.89 روپے ہو گئی۔ نمایاں کمی یونی لیور فوڈز کے حصص میں ریکارڈ کی گئی، جس کے حصص کی قیمت 100.00 روپے کمی سے 9800.00 روپے اور فلپس موریس پاک کے حصص کی قیمت100.00 روپے کمی سے 2900.00 روپے ہو گئی۔
اینگرو پولیمر کی سرگرمیاں 2 کروڑ 27 لاکھ 53 ہزار شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہی، جس کے شیئرز کی قیمت 7 پیسے اضافے سے 36.62 روپے اور لوٹے کیمیکل کی سرگرمیاں 1 کروڑ 54 لاکھ 58 ہزار 500 شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں، جس کے شیئرز کی قیمت 11 پیسے کمی سے 11.25 روپے پر بند ہوئی۔ بدھ کو کے ایس ای 30 انڈیکس 27.48 پوائنٹس اضافے سے 23117.11 پوائنٹس، کے ایم آئی 30 انڈیکس 292.68 پوائنٹس کمی سے 78415.59 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 44.78 پوائنٹس اضافے سے 33015.62 پوائنٹس ہو گئی۔