لاہور: پنجاب حکومت کے ترجمان ملک احمد خان نے اعتراف کیا ہے کہ حکومت کو خادم حسین رضوی کی گرفتاری میں مشکلات ہیں۔
نجی نیوز چینل کے پروگرام میں میں گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ تحریک لبیک کے سربراہ خادم رضوی کی گرفتاری میں مشکلات ہیں اگر انہیں گرفتار کرتے ہیں تو فیض آباد دھرنے جیسی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر قانون رانا ثناء اللہ لاہور میں دھرنا قیادت سے بات چیت کر کے مسئلہ حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور امید ہے کہ اس مرتبہ دھرنا اسلام آباد تک نہیں جائے گا۔
مزید پڑھیں: قربانیوں کے باوجود پاکستان پر الزامات عائد کیے گئے، ناصر جنجوعہ
ادھر ایک انٹرویو میں ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ عدالت نے تحریک لبیک کے سربراہ خادم رضوی کی گرفتاری کا حکم دیا ہے تو حکومت اور پولیس کا فرض ہے اس پر عمل کرے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بطور پاکستانی وہ چاہتے ہیں کہ اسمبلیاں مدت پوری کریں اور الیکشن وقت پر ہوں کیونکہ ہر پاکستانی کی خواہش ہے کہ ملک میں جمہوری تسلسل برقرار رہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت خادم رضوی اور پیر افضل قادری کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کر چکی ہے جب کہ عدالت نے گزشتہ روز انہیں اشتہاری بھی قرار دیا تھا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں