اسلام آباد: ا لیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس کے دوران عمران خان سے توہین عدالت کی درخواست پرپھرجواب طلب کرلیا۔ چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ پارٹی فنڈنگ کیس کو چھوڑیں پہلے توہین عدالت پر جواب دیں۔ آئندہ سماعت پر جواب نہ دیا گیا تو قانون کے مطابق کاروائی کریں گے۔ تحریک انصاف کی غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق کیس کی سماعت الیکشن کمیشن میں ہوئی ۔
چیف الیکشن کمشنر نے توہین عدالت کی درخواست پر عمران خان کا جواب نہ آنے پر برہمی کا اظہار کیا اور پی ٹی آئی چیئرمین سے توہین عدالت کی درخواست پر پھر جواب مانگ لیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے پی ٹی آئی کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس کیس کو بھول جائیں،پہلے توہین عدالت کی درخواست پر جواب دیں۔
ہمارے دائرہ اختیار کا سوال فنڈنگ سے متعلق ہے جبکہ توہین عدالت کا معاملہ بدتمیزی سے متعلق ہے، آئندہ سماعت پر جواب نہ دیا گیا تو قانون کے مطابق کاروائی کریں گے۔
جس پر پی ٹی آئی کے وکیل نے آئندہ سماعت پر جمع کرانے کی یقین دہانی کرادی،اس سےپہلے سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے درخواست گزار اکبر ایس بابر سےپی ٹی آئی سے نکالے جانے کی تفصیلات اور اس فیصلے کو چیلنج کرنے کی دستاویزات طلب کر لیں۔ اکبر ایس بابر کاکہنا تھاکہ پی ٹی آئی کے بینک اکاونٹس کے فورنزک آڈٹ میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی۔ انہوں نے معاملے کو اٹھایا تو عمران خان نے کوئی بات نہیں سنی اور عہدہ واپس لے لیا،
الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت 24 اپریل تک ملتوی کر دی۔