کانگو:جمہوریہ کانگو میں جیل توڑنے کی کوشش کے دوران 129 افراد ہلاک ہوگئے۔جمہوریہ کانگو کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ملک کی سب سے بڑی جیل کو توڑنے کی کوشش کے دوران کم از کم 129 افراد ہلاک ہو گئے۔
وزیر جیکومین شبانی نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے میں 129 لوگ مارے گئے جن میں 24 وہ افراد بھی شامل ہیں جنہیں انتباہ کے بعد گولی مار دی گئی ۔انہوں نے مزید کہا کہ دارالحکومت کنشاسا کی مکالا جیل میں دیگر 59 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
تاہم حکام نے اس حوالے وضاحت نہیں کی کہ اس واقعے میں کتنے قیدی فرار ہوئے یا کتنوں نے ایسا کرنے کی کوشش کی، لیکن پیر کی صبح حکومت کے ترجمان پیٹرک مویا نے قومی ٹیلی ویژن کو بتایا کہ صورتحال کنٹرول میں ہے۔
وزیر داخلہ کانگو کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق 24 قیدی انتباہی گولیوں سے بھی مارے گئے، جبکہ 59 قیدی زخمی ہیں جن کا علاج مقامی اسپتال میں ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس جیل سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران خواتین کی عصمت دری کے کچھ واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔