نوازشریف نے پی ٹی آئی کو کسی قسم کی مذاکرات یا دعوت کی پیشکش نہیں کی: عرفان صدیقی

09:54 AM, 3 Sep, 2024

 اسلام آباد:مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھا  کہ پاکستان تحریک انصاف سے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، نوازشریف نے پی ٹی آئی کو کسی قسم کے مذاکرات کی دعوت دی اور نہ ہی پیشکش کی۔

ان کا  مزید کہنا تھا  کہ محمد نوازشریف نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے تمام جماعتوں کے ساتھ مل بیٹھنے کی بات کی، معاشی استحکام کیلئے خیبرپختونخوا حکومت سے بات کریں گے، آئین میں ججز کی تعداد بڑھانے کا اختیار پارلیمنٹ کو دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی تجویز کا سیاسی مذاکرات کی جانب کوئی اشارہ نہیں تھا، پی ٹی آئی کٹی پتنگ کی طرح گھوم رہی ہے، مذاکرات کیلئے جو فضا اور ماحول چاہیئےوہ ابھی نہیں ہے، پی ٹی آئی مذاکرات نہیں صرف رعایتیں چاہتی ہے۔

عرفان صدیقی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وفاقی حکومت جو فیصلے کرے گی خیبرپختونخوا کی حکومت اس کا حصہ ہو گی، انہیں آنا چاہئے اور اپنی رائے کا اظہار کرنا چاہئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ کو اُس وقت احساس ہونا چاہیے تھا جب آرمی چیف کی تقرری رکوا رہے تھے، جب آپ 9 مئی کروا رہے تھے بیرون ملک قراردادیں پیش کر رہے تھے تب احساس ہونا چاہیے تھا۔

عرفان صدیقی نے مزید کہا کہ ان کی ٹیم نے کہا کہ ہم الیکشن کی بات کر کے آئے ہیں، بانی پی ٹی آئی کی کوئی بھی ضمانت نہیں دے سکتا۔

مزیدخبریں