امریکہ نے وینزویلا کے صدر کا طیارہ ضبط کرلیا

08:36 AM, 3 Sep, 2024

میامی: امریکہ نے وینزویلا کے صدر کے ڈومینیکن ریپبلک میں موجود طیارے کو اپنی تحویل میں لے لیا۔

امریکی حکام کے مطابق ڈوسالٹ فالکن 900 ای ایکس نجی طیارہ فلوریڈا پہنچا دیا ہے۔ جسے مادورو اور ان کی حکومت کے ارکان استعمال کرتے تھے۔

امریکی محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ یہ طیارہ غیر قانونی طور پر خریدا گیا تھا۔

اٹارنی جنرل میریک گارلینڈ نے کہا کہ محکمہ انصاف نے ایک ایسا طیارہ قبضے میں لے لیا ہے۔ جس کے بارے میں ہمارا الزام ہے کہ اسے ایک کمپنی کے ذریعے ایک کروڑ 30 لاکھ ڈالر میں غیر قانونی طور پر خریدا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ طیارہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کے ساتھیوں کے استعمال کے لیے امریکہ سے باہر اسمگل کیا گیا تھا۔

حکام نے بتایا کہ امریکہ نے طیارے کو ضبط کرنے کے لیے ٹریکنگ سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کی مدد لی تھی۔ جس کے مطابق مئی 2023 سے یہ طیارہ وینزویلا کے ایک فوجی اڈے سے خصوصی طور پر پرواز کر رہا تھا۔

ٹریکنگ سائٹ کے مطابق طیارے نے گزشتہ صبح سینٹو ڈومنگو سے فورٹ لاؤڈرڈیل کے لیے اُڑان بھری تھی۔ جس کے بعد امریکی حکام نے طیارے کو فورٹ لاؤڈرڈیل ایئرپورٹ سے ضبط کر لیا۔

مزیدخبریں