کراچی : ویمن ٹی ٹوینٹی مقابلے میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز جیت لی۔ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے ساؤتھ افریقہ کو دوسرے ٹی 20 میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔
خیال رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم نے مہمان ٹیم کو پہلے ٹی 20 میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
پاکستان اور ساؤتھ افریقہ کے درمیان ٹی 20 سیریز کا دوسرا میچ کراچی میں نیشنل بینک سٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔
ساؤتھ افریقہ کی جانب سے تزمین برٹس 46 رنز کی اننگ کھیل کر نمایاں رہیں جبکہ لورا وولوارڈٹ نے 41 اور ماریزان کپ نے 26 رنز کی اننگ کھیلی، قومی ٹیم کی جانب سے سعدیہ اقبال اور ناثرہ سندھو نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس کے جواب میں میزبان ٹیم نے 151 رنز کا ہدف 19.1 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر کے سیریز میں 0-2 کی واضح برتری حاصل کرلی۔
پاکستان کی جانب سے سدرہ امین 61 رنز کی اننگ کھیل کر نمایاں رہیں جبکہ عالیہ ریاض نے ناقابل شکست 31 رنز بنائے۔ساؤتھ افریقن باؤلرز میں نونکولولیکو نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری میچ کل کھیلا جائے گا۔