اٹک: پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم کے رکن بیرسٹر گوہر علی نے اٹک جیل عمران خان سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف تمام سیاسی پارٹیوں اور اداروں کے ساتھ بات چیت کے لئے تیار ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد ان کی قانونی ٹیم نے اٹک جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی کا کہنا تھاکہ چیئرمین پی ٹی آئی نےکہا انہیں جیل میں ناجائز ڈالاگیا لیکن اس سب کے باوجود وہ اداروں اور سیاسی جماعتوں سے گفتگوکو تیار ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا چیئرمین پی ٹی آئی نے پیغام میں مزید کہا تمام سیاسی پارٹیوں اور تمام اداروں سے بات چیت کے لئے تیار ہوں، بات چیت صرف اور صرف الیکشن پر ہوگی۔
بیرسٹر شعیب شاہین کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے پیغام میں کہا ملک میں جب تک سیاسی استحکام نہیں آئے گا تب تک ملک ترقی نہیں کرسکتا۔
بیرسٹر شعیب شاہین نے مزید بتایا چیئرمین پی ٹی آئی نے پیغام میں کہا ملک میں عدالتوں کا احترام نہیں، انہوں نے کہا ہے کہ میں نے کوئی ڈیل نہیں کی اس کی ترید کرتا ہوں۔
شعیب شاہین نے مزید بتایا کہ عمران خان تندرست اور مکمل فٹ ہیں، وہ روزانہ ایک گھنٹہ ایکسرسائز کرتے ہیں۔
شعیب شاہین کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے پیغام دیا اپنے راستے سے نہیں ہٹوں گا، جن کے اثاثے باہر ہیں، ڈالر بڑھنے سے صرف انہی کو فائدہ ہوا، بجلی، گیس مہنگی پی ڈی ایم کی تشخیص کردہ حکومت نے کی ہے، میری سیاسی جہدوجہد اور قربانی اس قوم کے لئے ہے۔