گھوٹکی: بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی روزگار دلواتی ہے جب کہ میاں صاحب اور خان صاحب کے ادوار میں عوام کو روزگار سے محروم کیا جاتا ہے۔
انہوں نے یہ بات اوباڑو کے علاقے بشیر آباد میں سینیٹر جام مہتاب ڈہر کی رہائش گاہ آمد کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو آمد پر سینیٹر جام مہتاب ڈہر کی جانب سے سندھ کی روایتی اجرک اور ٹوپی پہنائی گئی۔ بلاول بھٹو سے اوباڑو کی معروف سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ پارٹی رہنماؤں و کارکنان نے بھی ملاقات کی۔ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، سید ناصر حسین شاہ اور مکیش چاؤلہ بھی موجود تھے۔
بلاول بھٹو نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کے دور میں ملازمتیں حاصل کرنے والے 20 ہزار لوگوں کو برطرف کر دیا گیا ہے حالانکہ ان تمام افراد کو پارلیمنٹ کی جانب سے بحال کیا گیا تھا۔
چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے کہا کہ جب پی پی اقتدار میں آتی ہے تو لوگوں کی تنخواہوں و پنشن میں اضافہ ہوتا ہے جب کہ میاں صاحب اور خان صاحب کے ادوار میں ایسا نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ جب امیر آدمی کے بجائے عام آدمی کو معاشی فوائد پہنچائے جائیں تو معیشت کو فائدہ ہوتا ہے۔ اگر عام آدمی کے بجائے امیر آدمی کو فوائد پہنچائے جائیں تو وہ سرمائے کو خرچ کرنے کے بجائے محفوظ کر لیتا ہے جس سے معیشت کو فائدہ نہیں ہوتا ہے۔