بغداد: عراق میں الفتح الائنس کے رہنما نے عراق سے امریکا کو انخلا کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔
شفق نیوز رپورٹ کے مطابق عراق میں الفتح الائنس کے رہنما ہادی العامری نے کہا کہ عراق سے امریکا سمیت تمام غیر ملکی فورسز کو دو ہزار اکیس کے اختتام تک نکل جانا چاہئے ۔
انہوں نے کہا کہ عراق سے امریکی فوجیوں کے انخلا کے بعد عراق کی سڑکوں پر ہتھیاروں کی نمائش نہیں ہوگی، ہادی العامری کا کہنا تھا کہ عراق میں پر امن انتقال اقتدار بیلٹ باکس کے ذریعے ہی ممکن ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ اگلے ماہ کی دس تاریخ کو عراق میں پارلیمانی انتخابات منعقد ہونے جارہے ہیں۔
امریکی صدر جو بائیڈن پہلے ہی عراق میں اپنے فوجیوں کا جنگی کردار ختم کرنے کا اعلان کرچکے ہیں، انہوں نے یہ اعلان ستائیس جولائی کوعراقی وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی سے بات چیت کے دوران کیا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات نئے دور میں داخل ہونے جا رہے ہیں، بائیڈن کا مزید کہنا تھا کہ امریکی فوجی عراق میں ’تربیت، مدد اور داعش کے سر اٹھانے پر اس سے نمٹنے کے لیے موجود ہوں گے۔
یاد رہے کہ اس وقت عراق میں ڈھائی ہزار سے زائد امریکی فوجی تعینات ہیں۔