جامعہ کراچی کا دو سالہ ڈگری گریجویشن پروگرام بند کرنے کا فیصلہ

12:15 AM, 3 Sep, 2021

کراچی: جامعہ کراچی سے الحاق شدہ کالجوں سے 2 سالہ گریجویشن پروگرام بی اے، بی ایس سی اور بی کام ختم کرنے اور 2 سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔

جامعہ کراچی میں اکیڈمک کونسل کا اجلاس ہوا جس کی صدارت جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمد عراقی نے کی اور اجلاس میں اکیڈمک کونسل کے ارکان نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں 2 سالہ ڈگری گریجویشن پروگرام ( بی اے ،بی کام، بی ایس سی) بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس کی جگہ 2 سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام ان آرٹس، ایسوس ایٹ ڈگری پروگرام ان سائنس اور ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام ان کامرس شروع کیا جائے گا۔

ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام گریجویشن پروگرام کی طرز پر سالانہ امتحانی نظام کے تحت شروع ہو گا اور سیمسٹر سسٹم اس پروگرام میں لاگو نہیں ہوگا جبکہ ریگولر کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ طلبہ بھی ایسوسی ایٹ ڈگری میں انرول ہوسکیں گے۔

یہ پروگرام گریجویشن کے مساوی نہیں ہوں گے بلکہ گریجویشن کے خواہش مند طلبہ کو 2 سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری کی تکمیل کے بعد یونیورسٹی کے سال سوئم میں داخلہ لینا ہوگا اور مزید  2 سال پڑھنے کے بعد طالب علم متعلقہ شعبے میں اپنی گریجویشن مکمل کرسکے گا۔

فیصلے کے مطابق الحاق شدہ کالجز میں ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام شروع کیا جائے گا، کالجز میں 4 سالہ بی ایس پروگرام بھی بحال رکھا جائے گا جبکہ کالجز میں داخلوں کے لیے داخلہ پالیسی کا آغاز آئندہ ہفتے ہوگا۔

مزیدخبریں