عماد وسیم کی ایشیا کپ میں شمولیت پر سوالیہ نشان لگ گیا 

09:40 PM, 3 Sep, 2018

لاہور : چھ ماہ بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آنے کی کوشش کرنے والے آل راؤنڈر عماد وسیم کو اس وقت دھچکہ لگا جب آج پیر کو پاکستان ٹیم کے فٹنس ٹیسٹ کی آزمائش میں وہ ناکام رہے۔ان کی پاکستان ٹیم میں شمولیت فٹنس سے مشروط ہے۔منگل کو ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور سپورٹ اسٹاف عماد وسیم کو فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے کے لئے ایک اور موقع دیں گے۔

 فٹنس ٹیسٹ میں سابق کپتان اور آل راونڈر محمد حفیظ نے بہن کی علالت کی وجہ سے شرکت نہیں کی۔ تاہم شام کو حفیظ پریکٹس کرتے ہوئے دکھائی دیے۔ذرائع نے امکان ظاہر کیا ہے کہ محمد حفیظ منگل کو فٹنس ٹیسٹ دیں گے تاہم انہیں پاکستان ٹیم میں جگہ بنانے میں مشکل پیش آرہی ہے۔ان کی جگہ ایشیا کپ کی ٹیم میں اوپنر شان مسعود شمولیت کے مضبوط امیدوار دکھائی دے رہے ہیں۔

لاہور میں شیڈول کیمپ کیلیے طلب کیے گئے کھلاڑیوں میں کپتان سرفراز احمد، شان مسعود، امام الحق، فخر زمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، حارث سہیل، آصف علی، بابر اعظم، شاداب خان، محمد نواز، عماد وسیم، حسن علی، عثمان خان شنواری، محمد عامر، جنید خان، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف شامل ہیں۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ 15ستمبر سے یو اے ای میں شروع ہوگا، گرین شرٹس اپنا پہلا میچ 16 ستمبر کو گروپ اے کی کوالیفائر ٹیم کے خلاف کھیلیں گے جبکہ 19ستمبر کو روایتی حریف بھارت سے مقابلہ شیڈول ہے۔

مزیدخبریں