اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ (ن )کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نوازشریف کی رہائی احتجاجی تحریک سے نہیں‘ عدالتی عمل سے ہوگی‘ نوازشریف اب بھی عوام کے دلوں میں بستے ہیں‘اپوزیشن جماعتیں صدارتی انتخابات میں تقسیم نظر آرہی ہیں ۔
پیر کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نواز شریف اب بھی عوام کے دلوں میں بستے ہیں‘اپوزیشن مختلف جماعتوں پرمشتمل ہے اس لیے صدارتی انتخابات میں بھی تقسیم نظر آتی ہے۔انھوں نے کہا کہ کوشش جاری ہے کہ اپوزیشن کا صدارتی امیدوار ایک ہو، نہ ہوسکا، تب بھی اچھا الیکشن ہوگا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ چوہدری نثارسے کوئی رابطہ نہیں ہوا‘بلدیاتی نظام میں تبدیلی آتی رہتی ہے، نئی حکومت اگر تبدیلی کرے گی، تو دیکھیں گے، آئی ووٹنگ کی ضمنی انتخابات میں اجازت ہوتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم تبدیلی نہیں کارکردگی پرووٹ مانگیں گے، نوازشریف اب بھی عوام کے دلوں میں بستے ہیں۔