لاہور :تحریک انصاف کی جانب سے میٹرو بس ٹریک کو عام آدمی کے لئے کھولنے کے حوالے سے ایک قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع -
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے میٹرو بس ٹریک کو عام آدمی کے لئے کھولنے کے حوالے سے ایک قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے-جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کا یہ مقدس ایوان حکومت پنجاب سے مطالبہ کرتا ہے کہ میٹرو بس ٹریک کو عام پبلک کے لئے کھولا جائے اور اس پر ٹول ٹیکس عائد کر دیا جائے تاکہ یہ ادارہ جو سبسڈی پر چل رہا ہے خود کفیل ہو سکے اس کے علاوہ فیروز پور روڈ سے ٹریفک کا دباؤ بھی کم ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ عوام بخوشی اس ٹول ٹیکس کو ادا کریں گے کیونکہ شہرسے وہ بغیر کسی رکاوٹ کے گزر جائیں گے اور وقت کے ساتھ فیول کی بھی بچت ہو گی پوری دنیا میں میٹرو بس عام سڑک پر چلتی ہے لیکن سابق حکومت نے میٹرو بس کے لئے علیحدہ ٹریک بنا کر جہاں قوم کے پیسے کو بے دریغ استعمال کیا وہاں شہر کا نقشہ تبدیل ہوا اور ثقافتی مقامات و تاریخ عمارات کو بھی خطرہ لاحق ہو ا۔