بنگلہ دیشی کرکٹر صابر رحمان کو گالم گلوچ کرنا مہنگا پڑ گیا، 6 ماہ تک کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد

01:49 PM, 3 Sep, 2018

ڈھاکہ:بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے آف فیلڈ ایشوز کی بناءپر قومی کرکٹر صابر رحمان پر چھ ماہ تک انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر دی.

ان پر الزام تھا کہ انہوں نے فیس بک پر ایک مداح کو گالم گلوچ کی اور اس کے ساتھ ساتھ اسے مارنے کی دھمکی بھی دی۔ صابر رحمان کو اسی وجہ سے ایشیا کپ کیلئے اعلان کردہ سکواڈ سے بھی باہر رکھا گیا تھا۔ صابر رحمان بی سی بی کی قائم کردہ ڈسپلنری کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے، سماعت کے بعد ڈسپلنری کمیٹی نے صابر رحمان پر چھ ماہ تک انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے پر پابندی کی سفارش کی۔

بی سی بی کے ڈائریکٹر اسماعیل حیدر نے کہا کہ اگر صابر رحمان نے مستقبل میں ایسی حرکت دوہرائی تو انہیں سخت سزا دی جائے گی، صابر رحمان اس سے قبل بھی آف فیلڈ ایشوز کی وجہ سے معطلی کی سزا کاٹ چکے ہیں۔

مصدق حسین بھی ڈسپلنری کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے تاہم کمیٹی نے ابھی ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ مصدق کی اہلیہ نے ان پر الزام لگایا تھا کہ جہیز نہ لانے پر مصدق نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا، معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور عدالتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد مصدق کی قسمت کا فیصلہ کیا جائے گا۔

مزیدخبریں