بیونس آئرس:ارجنٹینا میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انھوں نے ایک ایسے کبوتر کو گولی مار ہلاک کر دیا ہے جو جیل میں منشیات لے کر جا رہا تھا۔
تفصیلات کے مطابق وسطی شہر سینٹا روسہ کے جیل کے گراﺅنڈمیں یہ کبوتر اڑتا ہوا پایا گیا۔ حکام نے کہا ہے کہ کبوتر پکڑنے کے بعد انھوں نے اس کی کمر پر لدے ہوئے ایک چھوٹے سے بیگ میں سے منشیات، ممنوعہ ادویات اور ایک یو ایس بی ڈرائیو برآمد کی ہے۔
مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس طریقے سے جیل میں ممنوعہ اشیا بھجوانے کے طریقے کے حوالے سے پہلے ہی تفتیش ہو رہی تھی۔حکام نے ایک تصویر بھی جاری کی ہے جس میں مارے گئے کبوتر کی کمر پر بیگ دیکھا جا سکتا ہے جس میں ادویات نظر آ رہی ہیں۔
ارجنٹینا میں جیل حکام کو 2013 میں اطلاع دی گئی تھی کہ جیل میں ممنوعہ اشیا بھیجنے والے لوگ کبوتروں کا استعمال کر رہے ہیں اور کبوتر ایک دن میں 10 سے 15 چکر لگاتے ہیں۔ یاد رہے کہ 2013 میں تفتیش کے بعد 3 افراد اور 15 کبوتر پکڑے گئے تھے۔