لاہور:وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کاکہنا ہے کہ کے پی کے وسائل کو دوسرے صوبے پر حملہ کرنے کے بجائے عوام کی خدمت پر خرچ کرنا چاہیے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہمت کارڈ منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کے پی کے وسائل کو دوسرے صوبے پر حملہ کرنے کے بجائے عوام کی خدمت پر خرچ کرنا چاہیے۔
وزیر اعلی مریم نواز نے کہا کہ پنجاب پر حملہ کرنے کےلیے جو پیسہ خرچ کر رہے ہیں یہ کے پی کے عوام کی امانت ہے، پنجاب پولیس پر چلائے گئے شیلز قانون کے نفاذ کے لیے تھے، امن و امان خراب کرنے کےلیے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ 65 ہزار خصوصی افراد کو ہمت کارڈ ملیں گے، ہمت کارڈ کے تحت 3 ماہ میں ساڑھے 10 ہزار روپے ملیں گے، خصوصی افراد کو قومی دھارے میں شامل کرنا ہماری ترجیح ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میرا وعدہ ہےمعذور افراد کےلیے جوہوسکا وہ کروں گی، مریم نواز نے تمام خصوصی افراد کو ہمت کارڈ کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گھریلو حالات سے پریشان افراد بھی سوشل ویلفیئر سے رجوع کریں۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح کے پی ہمارا ہے اس طرح پنجاب بھی آپ کا ہے، کے پی میں روٹی پھر 25 روپے کی ہوگئی۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ایک سال پہلے روٹی کی قیمت 25 روپے تھی آج 12 روپے ہے، ن لیگ جب بھی حکومت میں آتی ہے ملک کا سوچتی ہے۔
میں پہلے پاکستانی بعد میں پنجابی ہوں، یہ ذہنی مفلوج ہیں جو نہ خود کام کرتے ہیں نہ کسی کو کرنے دیتے ہیں، جن کا کام ہی انتشار اور جلاؤ گھیراؤ ہے، اس سے عوامی خدمت میں خلل پڑتا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کوئی بھول میں نہ رہے، تخریبی عناصر سے نمٹنا آتا ہے، ترقی جلاؤ گھیراؤ اور تخریب کاری سے نہیں، یکسوئی اور محنت سے ہوگی، نوازشریف کی بیٹی ہوں جس نے ملک سے دہشت گردی کاخاتمہ کیا۔