پاک انگلینڈ سیریز؛ میچ آفیشلز کا اعلان کردیا گیا

11:54 AM, 3 Oct, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور : پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا گیا۔

 
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کے کمار دھرما سینا اور بنگلادیش کے شرف الدولہ سیکت آن فیلڈ امپائرز ہوں گے، دونوں امپائرز آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل ہیں ، جبکہ ویسٹ انڈیز کے سر رچی رچرڈسن سیریز میں میچ ریفری کی حیثیت سے پلیئنگ کنٹرول ٹیم کے سربراہ ہوں گے۔

آئی سی سی ایلیٹ پینل آف امپائرز میں شامل نیوزی لینڈ کے کرسٹوفر گیفینی اور پاکستان کے آصف یعقوب فورتھ امپائر کے فرائض انجام دیں گے، دوسرے ٹیسٹ کیلئے کمار دھرما سینا اور کرسٹوفر گیفینی آن فیلڈ امپائرز کے فرائض انجام دیں گے جبکہ شرف الدولہ سیکت تھرڈ امپائر ہوں گے۔ پاکستان کے راشد ریاض (آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف امپائرز کا حصہ ہیں) چوتھے امپائر ہوں گے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں تیسرے ٹیسٹ کیلئے کرسٹوفر گیفینی اور شرف الدولہ سیکت آن فیلڈ امپائرز کے فرائض سرانجام دیں گے جب کہ کمار دھرما سینا تھرڈ امپائر ہوں گے۔ فیصل آفریدی فورتھ امپائر کے فرائض نبھائیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے، جس کا پہلا میچ 7 سے 11 اکتوبر تک ملتان میں ہوگا۔دوسرا ٹیسٹ 15 سے 19 اکتوبر تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم جبکہ آخری میچ راولپنڈی 24 سے 28 اکتوبر تک کھیلا جائے گا۔

مزیدخبریں