کراچی :ایس ای سی پی کی جانب سے شہریوں کی شکایات کے بعدغیر قانونی لون ایپس کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔
غیر قانونی لون ایپس کے خلاف کریک ڈائون کے سلسلے میں ایس ای سی پی نے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے، اس میں کہا گیا ہے کہ 120غیرقانونی لون ایپس کو ہٹایا جاچکا ہے۔ جن کی فہرست ویب سائٹ پر جاری کی گئی ہے، ایف آئی اے، پی ٹی اے کے تعاون سے کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔
ایپس آپریٹرز نے گوگل، ایپل پلے سٹور کے بجائے متبادل چینلز بنالیے ہیں۔ ویب چینلز کے ذریعے دستیاب غیر قانونی لون ایپس صارفین کیلئے سنگین خطرہ ہے۔سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے خبردار کیا ہے کہ عوام صرف منظور شدہ لون ایپس ہی گوگل، ایپل کے پلےسٹور سے ڈاؤن لوڈ کریں۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ غیرقانونی ایپس دھوکا دہی، ذاتی معلومات کا غلط استعمال، بلیک میلنگ، ہراساں کرسکتی ہیں، ویب سائٹ سے یا واٹس ایپ وغیرہ پر شیئرکی گئی غیر قانونی ایپس کو ڈاؤن لوڈ نہ کریں۔عوام الناس کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ لائسنس یافتہ این بی ایف سیز اور منظور شده لون ایپس کے خلاف کسی بھی شکایت کی صورت میں ایس ای سی پی کے کمپلینٹ پورٹل پر شکایات درج کرائیں۔