اسلام آباد:آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں دو ٹوک موقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ ایک پاکستانی شہری کی جان و مال اور فلاح و بہبود کسی بھی دوسرے ملک اور کسی بھی دنیاوی مفاد سے مقدم ہے ۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت قومی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں سول اور عسکری حکام ، حساس اداروں کے سربراہان، چاروں صوبائی آئی جیز اور چیف سیکریٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
آرمی چیف نے اجلاس میں زور دے کر کہا کہ ایک پاکستانی شہری کی جان و مال اور فلاح و بہبود کسی بھی دوسرے ملک اور کسی بھی دنیاوی مفاد سے مقدم ہے۔ دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے سول و عسکری قیادت متحدو متفق ہے،آرمی چیف کاکہنا تھا کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔