کشیدگی میں مسلسل اضافہ : بھارت کا 41 کینیڈین سفارتکاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم ،10 اکتوبر کی ڈیڈ لائن دے دی 

04:11 PM, 3 Oct, 2023

نیوویب ڈیسک

نئی دہلی :بھارت اور کینیڈا کے درمیان کشیدگی مسلسل  بڑھنے پر بھارت نے  کینیڈا کے41 سفارتکاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیتے ہوئے 10 اکتوبر کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔ 


 اخبار ’فنانشل ٹائمز‘ کی رپورٹ  کے مطابق بھارت نے کینیڈا سے کہا ہے کہ وہ 10 اکتوبر تک اپنے 41 سفارت کاروں کو لازمی واپس بلا لے۔بھارت اور کینیڈا کے درمیان خالصتان تحریک کے رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل کے بعد کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ جہاں کینیڈا نے بھارتی سفارتکار کو ملک بدر کیا تو اس کے جواب میں بھارت نے بھی کینیڈا کے سفارتکار کو ملک چھوڑنے کے احکامات جاری کیے تھے۔


کشیدگی میں اضافے کے بعد بھارت نے کینیڈا کو اپنے سفارتخانے میں تقریباً ایک تہائی عملہ کم کرنے کا حکم دیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی حکومت نے کینیڈا کو بھارت میں موجود سفارتخانے سے 41 سفارتکاروں کو واپس بلانے کا حکم دیا ہے اور اس کے لیے 10 اکتوبر تک کی تاریخ دی گئی ہے۔


بھارتی حکومت نے دھمکی بھی دی ہے کہ اگر 10 اکتوبر تک سفارتکاروں نے ملک نہیں چھوڑا تو ان کو حاصل سفارتی استثنیٰ ختم کر دیا جائے گا۔فنانشل ٹائمز کے مطابق بھارت میں کینیڈا کے 62 سفارت کار ہیں اور بھارت نے کہا ہے کہ ان میں سے کُل 41 سفارت کاروں کو واپس بلا لیا جائے۔بھارت اور کینیڈا کی وزارت خارجہ نے فوری طور پر اس حوالے سے کسی تبصرے کی درخواستوں کا کوئی جواب نہیں دیا۔

مزیدخبریں