اسلام آباد:پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ حتمی ڈیڈ لائن کے بعد اثاثے فروخت کرنے اور وطن واپسی کے پابند ہوں گے ۔قومی ایپکس کمیٹی نے پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے کا حتمی فیصلہ کیا ہے۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت قومی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اس میں سول اور عسکری حکام ، حساس اداروں کے سربراہان، چاروں صوبائی آئی جیز اور چیف سیکریٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
ایپکس کمیٹی نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے کا حتمی فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق غیر قانونی غیرملکیوں کو ملک سے نکل جانے کے لیے حتمی ڈیڈ لائن دیے جانے کا امکان ہے۔ تمام غیرملکی متوقع ڈیڈ لائن تک تمام اثاثے فروخت کرنے اور اپنے وطن واپسی کے پابند ہوں گے۔ڈیڈ لائن ختم ہونے پر غیر ملکیوں کو ملک بدر کردیا جائے گا اور جائیدادیں قرق کر دی جائیں گی۔
پاکستان میں صرف پروف آف رجسٹریشن کے حامل افغان مہاجرین سکونت کے اہل ہوں گے۔ باقاعدہ قانونی ویزا کے حامل افغان شہری بھی پاکستان کا سفر کرنے کے اہل ہوں گے۔