لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے پاسپورٹ واپسی کی درخواست منظور ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کیا آپ جانتے ہیں کہ پاسپورٹ اس کیس میں 3 سال ضبط رہا جو کیس میرے خلاف کبھی بنا ہی نہیں۔
تفصیلات کے مطابق مریم نواز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا ’میرا پاسپورٹ مجھے واپس کر دیا گیا ہے، الحمدللہ، مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ پاسپورٹ اس کیس میں 3 سال ضبط رہا جو کیس میرے خلاف کبھی بنا ہی ہیں؟ میرے جلسوں کے خوف سے فتنہ نے مجھے تفتیش کیلئے 3 ماہ نیب میں حبس بے جاہ اور کوٹ لکھپت جیل میں ڈیتھ سیل میں رکھا مگر کیس آج تک فائل نہیں ہوا۔‘
ایک اور ٹویٹ میں مریم نواز نے لکھا ’فتنہ کی ظلم اور انتقام پر مبنی سیاست کو مٹنا ہی تھا ایک دن، کیونکہ یہ قدرت کا اصول ہے مگر یہ فارن ایجنٹ آج بھی جھوٹ بولنے اور جعل سازی سے باز نہیں آیا۔ مکافات عمل اور اس کا عبرت ناک انجام اس کے تعاقب میں ہے انشاءاللہ۔‘
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد امیر بھٹی کی سربراہی میں 3 رکنی فل کورٹ بنچ نے مریم نواز کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کا پاسپورٹ واپس کرنے کی ہدایت کی۔