لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ مڈل آرڈر کی مسلسل ناکامی پر تشویش ہے اور اب اس پر سوچیں گے بھی اور کوئی حل بھی نکالیں گے۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے ہاتھوں ٹی 20 سیریز کے فیصلہ کن میچ میں شرمناک شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابراعظم کا کہنا تھا کہ رواں سال آسٹریلیا میں شیڈول انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ سے قبل یہ سیریز بہت اہمیت کی حامل تھی اور میرے خیال میں اوورآل اچھی کرکٹ ہوئی ہے۔
فائنل میں شکست پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جب یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی ہیں تو مڈل آرڈر دباؤ میں آتا ہے، بطور کھلاڑی دباؤ بڑھ جاتا ہے، جب مجھ سے سکور نہیں ہوتا تو دباؤ ہوتا ہے کہ پاکستان اور ٹیم کیلئے سکور کروں، مڈل آرڈر کے مسئلے پر سوچیں گے اور کوئی حل نکالیں گے۔
بابراعظم نے کہا کہ سیریز کی بات کریں تو میرے خیال میں مجموعی طور پر اچھی کرکٹ کھیلی گئی اور سنسنی خیز میچز ہوئے، ہم کوشش کرتے ہیں کہ جہاں غلطی ہوتی ہے اس پر بات چیت کر کے اپنی خامی پر قابو پالیں، مجھ سے کیچ ڈراپ ہوئے اگر نہ ہوتے تو کچھ میچ کا نتیجہ مختلف ہوتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب آپ اچھا سکور کرتے ہیں تو اعتماد آتا ہے، آسٹریلیا میں اچھی کرکٹ کھیلیں گے اور کوشش کریں گے کہ نتائج بھی اچھے آئیں، انگلینڈ ٹیم میں ٹاپ آرڈر جب اچھا کھیلتا ہے تو مڈل آرڈر سپورٹ دیتا ہے، مڈل آرڈر پر تشویش ہے،اس مسئلہ پر بات کریں گے اور کوچنگ سٹاف اس خامی کو دور کرنے کی کوشش کررہا ہے۔