عالمی رہنماؤں کی خفیہ دولت  بے نقاب 

11:57 PM, 3 Oct, 2021

لندن : عالمی رہنماؤں، سیاستدانوں اور ارب پتی افراد کی خفیہ دولت اور مالی لین دین کی تفصیلات ایک بڑے مالی سکینڈل سے متعلق دستاویزات کے سامنے آنے سے بے نقاب ہو گئی ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق مالی معاملات سے متعلق ان دستاویزات میں جن افراد کی خفیہ دولت اور مالی معاملات کا انکشاف ہوا ہے ان میں 35 موجودہ اور سابق عالمی رہنماؤں سمیت تقریباً تین سو ایسے عوامی نمائندے شامل ہیں جن کی آف شور کمپنیاں تھی۔ ان دستاویزات کو پینڈورا پیپرز کا نام دیا گیا ہے۔

ان دستاویزات میں اردن کے بادشاہ کی خفیہ طور پر امریکہ اور برطانیہ میں 70 ملین پاؤنڈز کی جائیدادوں کا انکشاف کیا ہے۔

اس کے علاوہ ان دستاویزات کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے قریبی حلقے میں شامل افراد، جن میں ان کی کابینہ اور ان کے خاندان کے کچھ افراد شامل ہیں، خفیہ طور پر لاکھوں ڈالر کی کمپنیوں کے مالک ہیں۔

ان دستاویزات میں یہ بھی افشا کیا گیا ہے کہ کیسے برطانیہ کے سابق وزیر اعظم ٹونی بلیئر اور ان کی اہلیہ نے لندن میں دفتر خریدتے وقت سٹیمپ ڈیوٹی کی مد میں تین لاکھ 12 ہزار پاونڈز بچائے تھے۔ اس جوڑے نے ایک آف شور کمپنی خریدی تھی جس کی ملکیت میں یہ عمارت تھی۔

پینڈورا پیپرز نامی لیک ہونے والے ان دستاویزات میں روسی صدر ولادمیر پوتن کے موناکو میں خفیہ اثاثوں کا بھی ذکر ہے اور ان دستاویزات میں جمہوریہ چیک کے وزیر اعظم اندریج بابس کی خفیہ آف شور انوسٹمنٹ کمپنی کو بھی ظاہر کیا گیا ہے جس کے ذریعے انھوں نے جنوبی فرانس میں 12 ملین پاؤنڈز مالیت کے دو ولاز خریدے۔

واضح رہے کہ جمہوریہ چیک کے وزیر اعظم اگلے ہفتے انتخابات لڑ رہے ہیں اور انھوں نے اپنی یہ خفیہ آف شور انوسٹمنٹ کمپنی ڈیکلیئر نہیں کی ہوئی۔

گذشتہ سات برسوں کے دوران فن سین فائلز، دی پیراڈائز پیپرز، پانامہ پیپرز اور لکس لیکس جیسے لیک ہونے والے دستاویزات کی کڑی میں یہ تازہ ترین ہے۔

ان دستاویزات کاہ جائزہ اور چھان بین انٹرنیشنل کنسورشیم آف انوسٹیگیٹو جرنلسٹ (آئی سی آئی جے) نے کی ہے جس میں دنیا بھر سے 650 سے زائد رپورٹروں نے حصہ لیا۔

گارڈین اور دیگر میڈیا شراکت داروں کے ساتھ اس مشترکہ تفتیش میں بی بی سی پینوراما نے برٹش ورجن جزائر، پاناما، بیلیز، قبرص، متحدہ عرب امارات، سنگاپور اور سوئٹزرلینڈ کی 14 مالیاتی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں سے 12 ملین دستاویزات تک رسائی حاصل کی ہے۔

جن افراد کی خفیہ دولت اور لین دین کے مالی معاملات کے متعلق پینڈورا پیپرز میں انکشافات ہوئے ہیں ان میں سے چند افراد کو کرپشن، منی لانڈرنگ اور عالمی سطح پر ٹیکس بچانے کے الزامات کا سامنا ہے۔

لیکن ان میں سے سب سے بڑا انکشاف یہ ہے کہ کس طرح ممتاز اور مالدار افراد برطانیہ میں خفیہ جائیدادیں خریدنے کے لیے جائز آف شور کمپنیاں قائم کر رہے ہیں۔

ان دستاویزات ان جائیدادوں کی خریداری کے پیچھے 95،000 آف شور کمپنیوں کے مالکان کا انکشاف ہوا ہے۔

یہ تحقیق برطانوی حکومت کی اس ناکامی کو اجاگر کرتی ہے کہ حکومت متعدد وعدوں کے باوجود ایک ایسی فہرست متعارف کروانے میں ناکام رہی ہے جس میں بیرون ملک اثاثے رکھنے والے افراد کے نام درج ہوں گے۔

واضح رہے کہ برطانیہ میں یہ خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ چند پراپرٹی خریدار اس سے اپنی منی لانڈرنگ سرگرمیوں کو چھپا سکتے ہیں۔

جیسا کہ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور ان کی اہل خانہ پر اپنے ہی ملک کو لوٹنے کا الزام ہے۔

تحقیقات میں یہ علم ہوا ہے کہ صدر الہام اور ان کے قریبی رفقا خفیہ طور پر برطانیہ میں 400 ملین پاؤنڈز سے زائد مالیت کی جائیدادیں خریدنے میں ملوث ہیں۔

اردن کے بادشاہ نے خفیہ طور پر امریکہ میں مالیبو اور واشنگٹن ڈی سی میں اور برطانیہ میں لندن اورجنوب مشرقی انگلینڈ میں لگژری گھر حاصل کیے ہیں۔مالیبو ، کیلیفورنیا میں انھوں نے تین کلف ٹاپ مینشنوں پر 50 ملین پاؤنڈ خرچ کیے۔بادشاہ کی پراپرٹی کی سلطنت میں واشنگٹن ڈی سی میں گھر بھی شامل ہیں جہاں ان کے بیٹے یونیورسٹی گئے تھےاور برطانیہ بکنگھم پیلس کے قریب کئی ملین پاؤنڈ مالیت کی یہ دو پراپرٹیاں بھی شامل. انھوں نے بائیں جانب والی پراپرٹی خریدی اور دائیں جانب والی پراپرٹی میں تین فلیٹ خریدے۔

ایک عرصے سے کرپشن کے الزامات کا سامنا کرنے والے آذربائیجان کے حکمران آلییو خاندان نے اپنی دولت چھپانے کے لیے آف شور کمپنیوں کا ایک وسیع جال بنایا ہوا ہے۔فائلوں سے معلوم ہوتا ہے کہ آلییو خاندان اور ان کے قریبی ساتھیوں نے برطانیہ میں 400 ملین پاؤنڈ کی پراپرٹی کے سودے کیے ہیں۔ ان میں صدر کے گیارہ سالہ بیٹے کے نام سنٹرل لندن میں 33 ملین پاؤنڈ کی ایک پراپرٹی بھی شامل ہے۔

انھوں نے سال 2018 میں کراؤن اسٹیٹ کو ایک پراپرٹی 66 ملین پاؤنڈ میں فروخت کی جو اس سے دس برس پہلے انھوں نے 35 ملین پاؤنڈ کی خریدی تھی

یہ انکشافات برطانیہ کے لیے شرمندگی کا باعث بن سکتے ہیں کیونکہ آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف نے مالکہ برطانیہ کی جائیدادوں کا نظام دیکھنے والے ادارے کو لندن میں اپنی ایک جائیداد بیچ کر 31 ملین پاؤنڈز کا منافع کمایا ہے۔

 ان دستاویزات میں بہت سی ایسے مالی ٹرانزیکشن بھی شامل ہیں جن میں کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا گیا۔

مزیدخبریں