بلوچستان میں سیاسی ہلچل، وزیراعلیٰ کو دی گئی مہلت ختم 

04:19 PM, 3 Oct, 2021

کوئٹہ : بلوچستان میں سیاسی ہل چل جاری ہے۔ وزیراعلیٰ جام کمال کو دی گئی 15 دن کی مہلت ختم ہوگئی ہے۔ اپوزیشن کا دعویٰ ہے کہ وزیراعلیٰ 2 دن میں مستعفی ہوجائیں گے ۔ چیئرمین سینیٹ بھی ثالثی کیلئے دوبارہ کوئٹہ پہنچ گئے۔

نیو نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ جام کمال   ناراض اراکین کو منانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔  مصالحتی کمیٹی کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو دی گئی پندرہ روزہ مہلت آج ختم ہوگئی  ہے۔آج  باپ پارٹی کا اہم اجلاس ہوگا   جس کے بعد وزیراعلیٰ جام کمال خان کی پوزیشن واضح ہوگی۔    مستعفی نہ ہونے کی صورت میں وزیر اعلی ٰ کے خلاف دوبارہ تحریک عدم آنے کا بھی آپشن زیر غور ہے ۔

دوسری طرف چیئرمین سینیٹ  صادق سنجرانی کوئٹہ پہنچ گئے ہیں۔  ذرائع کے مطابق صادق سنجرانی بلوچستان عوامی پارٹی کے پارلیمانی گروپ کے اختلافات دور کرنے کی کوشش کریں گے۔  چیئرمین سینیٹ  وزیراعلی ٰجام کمال اور ناراض اراکین سے ملیں گے۔

ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ جام کمال کہیں نہیں جا رہے ہیں۔ ناراض اراکین کو منانے کی کوشش جاری ہے۔:جلد ناراض اراکین کو منالیں گے۔ ناراض اراکین کے تحفظات دور ہوجائیں گے۔ 

اپوزیشن رہنماء نصراللہ زیرے کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک ناراض اراکین کی مشاورت سے پیش کی گئی ۔:ناراض اراکین سے رابطے میں ہیں وہ جام کو مزید وزیر اعلیٰ نہیں دیکھنا چاہتے۔ جام کمال ایک دو دن میں گھر چلے جائیں گے۔کل اپوزیشن کا اہم اجلاس ہوگا دم دما دم مست قلندر ہوگا۔

مزیدخبریں