کابل :افغانستان میں عوام کی بڑی تعداد نے طالبان کے ساتھ اظہار یکجہتی کردیا ۔ا فغانستان کے دارالحکومت کابل میں طالبان کے حق میں ایک بڑی ریلی میں نئی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلایا گیا ۔
تفصیلا ت کے مطابق اتوار کے روز کابل کے شمالی علاقے میں لگ بھگ دو ہزار افراد نے طالبان سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی میں شرکت کی ۔طالبان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے منعقدہ اس ریلی میں مردوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شامل تھی ۔اگست کے وسط میں کابل پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد طالبان کی حمایت میں کیا جانے والا یہ اپنی نوعیت کا پہلا بڑا مظاہرہ تھا جو کابل کے پہاڑی علاقے کوہ دامان میں منعقد کیا گیا۔
اس موقع پر طالبان رہنماؤں نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کیا ۔
ریلی کے ارد گرد طالبان جنگجوؤں نے فوجی وردی میں ملبوس اور ہتھیاروں سے لیس ہوکر اپنے حامیوں کے گرد پریڈ بھی کی ۔
ریلی میں شرکا ء کے لئے بنائے گئے سٹیج پر ایک طرف طالبان تو دوسری طرف قبائلی عمائدین کو بٹھایا گیا ۔
ریلی میں شرکاء نے طالبان انتظامیہ کے حق میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور کئی افراد نے سروں پر سفید اور سرخ رنگ کے رومال باندھ رکھے تھے ۔
ریلی کے دوران امریکا کے خلاف اورطالبان کے حق میں نعر ےلگائے گئے جبکہ سٹیج پر طالبان کے حق میں ترانے بھی پیش کئے گئے ۔
ریلی کی طرف آنے والے راستے پر طالبان کمانڈرز پوزیشن سنبھالے کھڑے رہے اس مقام پر نصب بینر پر طالبان کے مارے جانے والے کمانڈروں کو خراج عقیدت جبکہ مقامی لوگوں کی جانب سے نئی انتظامیہ کی حمایت کے نعرے درج تھے۔
خیال رہے کہ اس مظاہرے کی ویڈیو بنانے والے ایک غیر ملکی صحافی کو رائفل کے ذریعے مارا گیا اور وہاں سے ہٹا دیا گیا۔