اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن کو پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا سربراہ بنا دیا ہے۔ پی ڈی ایم کے ویڈیو لنک پر سربراہی سے متعلق اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، مولانا فضل الرحمان نے شرکت کی۔ اجلاس میں احسن اقبال، نواب اختر مینگل، شاہ اویس نورانی، امیر حیدر خان ہوتی اور دیگر شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق پی ڈیم کی سربراہی کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن نے اتحاد کی سربراہی مولانا کو دینے کی تجویز دی جس کے بعد مولانا فضل الرحمن کو پی ڈی ایم کا سربراہ بنا دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم کے دیگر عہدے داروں کا فیصلہ پیر کو اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق مولانا کا نام نواز شریف نے تجویز کیا، پیپلز پارٹی نے دبے الفاظ میں مخالفت کی بلاول بھٹو نے کہا مولانا کی سربراہی کی مدت بھی طے کی جائے اور اتحاد کی سربراہی باری باری تمام جماعتوں کو دینی چاہیے۔
دوسری طرف تصدیق کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کی سربراہی مولانا فضل الرحمن کو دیدی گئی ہے اور وہ اس اتحاد کے سربراہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت کے خلاف ملک بھر میں گیارہ جماعتوں نے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے نام سے ایک اتحاد بنایا ہوا ہے۔ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران اتحاد کے مختلف اجلاس ہوئے جس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت مخالف تحریک میں تیزی لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے 11 اکتوبر کو بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں تحریک کے پہلے جلسہ عام کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔