نیویارک : امریکی صدر کے کورونا وائرس کا شکا ر ہونے کے بعد شمالی کوریا کے صدر کی جانب سے اہم ترین پیغام جاری کردیا گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے اپنے پیغام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کی امید ظاہر کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں صدر کم جونگ کا کہنا تھا کہ امید ہے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کورونا سے جلد نجات پا لیں گے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ ملانیا ٹرمپ کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔ اس حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر اپنے ایک پیغام میں اپنا اور اہلیہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی اطلاع دی اور لکھا کہ وہ اور ان کی اہلیہ ملانیا ٹرمپ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، جس کے بعد خود کو قرنطینہ کرلیا ہے، اور ریکوری کا عمل شروع کردیا ہے جو وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ مل کر کریں گے۔
اس سے قبل امریکی صدر کے سب سے قریب رہنے والی اعلیٰ معاون خاتون ہوپ ہِکس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ ہوپ ہِکس حال ہی میں صدر ٹرمپ کے سب سے قریب رہی ہیں، کورونا ٹیسٹ مثبت آنے سے ایک روز قبل وہ ایک ریلی میں صدر ٹرمپ کی ساتھ تھیں۔ خاتون معاون کا کورونا ٹیسٹ جمعرات کے روز مثبت آیا ہے جبکہ اس سے ایک روز قبل وہ ایک ریلی میں صدر ٹرمپ کے ساتھ موجود تھیں۔
بتایا گیا ہے کہ ہِکس وائٹ ہاؤس میں کمیونیکشن ڈائریکٹر رہ چکی ہیں جبکہ اب وہ صدر کی کونسلر کی حیثیت سے فرائض سر انجام دے رہی ہیں اس لیے ان کے کافی قریب ہیں۔ ہِکس بدھ کے روز صدر ٹرمپ کے ساتھ ریلی میں شرکت کرنے کے علاوہ دوسری کئی تقریبات میں شریک رہی ہیں، جبکہ وہ منگل کے روز ہونے والے امریکہ کے پہلے صدارتی مباحثے کے لیے بھی اوہیو جاتے ہوئے صدر ٹرمپ کے ساتھ جہاز میں سفر کر چکی ہیں۔
نیوز رپورٹس کے مطابق امریکی صدر کے قریبی جتنے بھی لوگوں کو کورونا لاحق ہوا ہے ان میں سے ہِکس ان کے سب سے قریب رہنے والی خاتون ہے۔ تازہ خبروں کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس ایک نئے فیز میں داخل ہو گیا ہے جس میں وائرس کا شکار عام آدمی نہیں بلکہ ہائی پروفائل سیاسی شخصیات ہو رہی ہیں۔ گزشتہ روز صدر ٹرمپ کی معاون ہوپ ہِکس کے کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد امریکی صدر ٹرمپ اور ان اہلیہ میں بھی کورونا کی تصدیق ہوئی تھی جبکہ اب معروف امریکی سینیٹر تھام ٹلس بھی اس مہلک وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔