اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان، امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے مثبت نتائج کے لیے پرامید ہے۔ دورہ پاکستان کے دوران افغان طالبان نے مذاکرات کی بحالی پر اتفاق کر لیا ہے۔
ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 61 روز سے جاری کرفیو کے باعث کشمیریوں کی زندگیوں کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ قابض بھارتی فوج نے ایک ہفتے میں مزید 13 کشمیریوں کو شہید کر دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے دورہ چین کی تفصیلات طے کی جا رہی ہیں۔ کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں نریندر مودی کو دعوت دینے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو مدت پوری ہونے پر عہدے سے ہٹایا گیا۔ اقوام متحدہ میں نئے مستقل مندوب کے حوالے سے پراپیگنڈا بے بنیاد ہے۔