بلاول، فضل الرحمان ملاقات، مارچ کی حکمت عملی اور سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوگی

09:43 AM, 3 Oct, 2019

 اسلام آباد: حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے اپوزیشن کے رابطے جاری، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری آج مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرینگے، مارچ کی حکمت عملی اور سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوگی۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری مولانا فضل الرحمان کی رہاٸش گاہ پر شام 4 بجے ان سے ملاقات کریں گے، مولانا حنیف کے دہشت گردی کا شکار ہونے پر تعزیت کریں گے جبکہ سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہو گا۔ دوسری جانب ن لیگ نے مارچ میں شرکت کا فیصلہ نواز شریف پر چھوڑ دیا، کوٹ لکھپت جیل میں شہباز شریف ، نواز شریف سے ملاقات میں پارٹی فیصلے سے آگاہ کریں گے اور نواز شریف سے حتمی رائے لیں گے۔

گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد لیگی رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا، نااہل حکومت کے خاتمے پر جے یو آئی سے مکمل اتفاق ہے۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے اصرار کے باوجود مولانا فضل الرحمان آزادی مارچ کی تاریخ بدلنے کو تیار نہیں، وہ کہتے ہیں کوئی ساتھ چلے نہ چلے اکتوبر میں ہی مارچ ہوگا۔

مزیدخبریں