تجاوزات کیخلاف آپریشن میں وزیرخارجہ کے ڈیرے کا فرش اور سیڑھیاں توڑ دی گئیں

10:46 PM, 3 Oct, 2018

لاہور: قبضہ گروپوں اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوسرے روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ڈیرے کے باہر فرش اور سیڑھیاں توڑ دی گئیں۔

صوبائی حکومت کے قبضہ گروپوں اور تجاوزات کے خلاف آپریشن ’کلین اَپ‘ کے  دوسرے روز لاہور کے علاقے ہربنس پورہ اور سبزہ زار میں کارروائی کی گئی۔

سبزہ زار ٹرک اسٹینڈ پر بنے پختہ اسٹرکچر کو گرایا گیا جب کہ آپریشن میں ایل ڈی اے، میونسپل کارپوریشن اور والڈ سٹی کی ٹیمیں شریک تھیں۔ملتان میں بھی انتظامیہ نے 200 کنال سے زائد سرکاری اراضی واگزار کرائی جب کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ڈیرے کے باہر کا فرش اور سیڑھیاں توڑ دیں۔

ملتان میں تجاوزات کیخلاف آپریشن شدت اختیار کرگیا، ضلعی انتظامیہ نے خونی برج، دہلی گیٹ اور دولت گیٹ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے سینکڑوں تجاوزات ختم کردیں۔ آپریشن کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ڈیرے کے باہر بنا چوراہا بھی توڑ دیا گیا۔ گلشن مارکیٹ میں ضلعی انتظامیہ کے ملازمین اور پولیس اہلکاروں کو تجاوزات کیخلاف آپریشن کے دوران تاجروں کی جانب سے مزاحمت کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

تاجروں کا کہنا تھا کہ نوٹسز دیے بغیر ان کی دوکانیں اور تجاوزات گرائیں جا رہی ہیں، جس سے ان کا کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر میں تجاوزات اور قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن کلین اپ بلا تفریق جاری رہے گا ۔

دوسری جانب پنجاب میں تجاوزات کے خلاف آپریشن اور زمینوں پر قبضے کے معاملے پر پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہبازنے کہا کہ آپریشن غریبوں کے خلاف کیا جارہا ہے جب کہ اصل قبضہ گروپ سردار عثمان بزدار کے اردگرد علیم خان اور پرویز الٰہی کی شکل میں موجود ہیں۔حمزہ کے جواب میں وزیر بلدیات پنجاب علیم خان کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے زمینوں پر قبضہ کیا تو (ن) لیگ نے اپنے دور میں اُن کے خلاف کارروائی کیوں نہ کی؟

مزیدخبریں