کریمنل جسٹس کے نظام میں اصلاحات کے لیے حکومت پرعزم ہے، عمران خان

07:07 PM, 3 Oct, 2018

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کریمنل جسٹس کے نظام میں اصلاحات کے لیے حکومت پرعزم ہے تیز ترین انصاف کے لیے عدلیہ اور شہریوں کو سہولیات کا طریقہ کار وضع کر رہے ہیں،قانون, عدالتی نظام میں اصلاحاتی پیکج کو حتمی شکل دی جائے-

تفصیلات کے مطابق وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم نے بریفنگ میں انصاف کی فراہمی کے لیے قانون سازی کے اقدامات سے آگاہ کیا انہوں نے کہا کہ حکومت کے پہلے 100دن میں جامع اصلاحاتی پیکج تیار کر لیں گے،اجلاس میں وزیر قانون اور انصاف ڈاکٹر محمد فروغ نسیم، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیراعظم کے مشیر شہزاد ارباب، اٹارنی جنرل آف پاکستان انور منصور، پارلیمانی سیکریٹری ملیکا علی اور دیگر موجود تھے۔

اس موقع پر وزیر قانون ڈاکٹر محمد فروغ نسیم نے سول قوانین سے متعلق اصلاحات کی تفصیلات پیش کی اور جوڈیشل سسٹم میں موجود سقم کی نشاندہی کی جس کی وجہ سے لوگوں کو انصاف کی فراہمی میں شدت تاخیر کا سامنا ہے۔انہوں نے شواہد کمیشن کی تشکیل دینے کے علاوہ دیگر متعدد اقدامات اٹھانے پر زور دیا۔

وزیرقانون نے کہا کہ قانونی دائرے کار اور متعدد اصلاحات کے ذریعے ڈسپیوٹ ریزولوشن اور آربیٹریشن نظام کو موثر بنانا ضروری ہے جس میں انسداد دہشت گردی ایکٹ، نیب قوانین، رینٹ قوانین اور دیگر شامل ہیں۔اس حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ اس بات کو یقینی بنانا پڑے گا کہ قانونی کارروائی اور قوانین کو غلط استعمال کرکے انصاف کے تقاضوں میں تاخیر نہ برتی جائے اور عام شہری بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔

اس ضمن میں وزیر قانون نے وزیراعظم کو کرمنل قوانین سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جرائم سے متعلق مقدمات میں بہتر تحقیقات اور پراسیکیوشن کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر فروغ نسیم نے عمران خان کو یقین دلایا کہ  پلان آف ایکشن سے متعلق مربوط اور مکمل اصلاحاتی پیکج 100 دن سے قبل ہی مکمل کرلیا جائے جیساکہ وزیراعظم کا اپنی قوم سے وعدہ ہے-

مزیدخبریں