دبئی: متنازع ٹی ٹین لیگ کو ایک اور جھٹکا لگا ہے، دبنگ خان کے بھائی سہیل خان نے ٹی ٹین لیگ سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تنازعات میں گھری ٹی ٹین لیگ کو ایک اور دھچکا لگا ہے، مراٹھا عربینز کے مالک سہیل خان نے ٹی ٹین لیگ سے علیحدگی اختیار کرلی ہے، سہیل خان ٹی ٹین لیگ میں ٹیم مراٹھا عربینز کے مالک تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سہیل خان کہتے ہیں کہ سوالات اور الزامات کے بعد ٹی ٹین لیگ کے ساتھ رہنا ٹھیک نہیں ہے۔
واضح رہے کہ متنازع ٹی ٹین لیگ پر منفی میڈیا رپورٹس کے بعد سابق بھارتی کپتان اظہر الدین نے بھی ٹیلنٹ ہنٹ کا سربراہ بننے سے انکار کردیا تھا , لیگ کی شفافیت سے غیرمطمئن ٹی ٹین لیگ کے صدر سلمان اقبال پہلے ہی الگ ہوچکے ہیں۔
خیال رہے کہ ٹی ٹین لیگ کی شفافیت پر انگلش اور سری لنکن کرکٹ بورڈز نے بھی اپنے تحفظات کا اظہار کردیا تھا، انگلش اور سری لنکن کرکٹ بورڈز نے فیصلہ کیا ہے کہ ٹی ٹین لیگ کے خلاف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں شکایت درج کی جائے گی۔
احسان مانی کہہ چکے ہیں کہ نہ تو لیگ کے مالک کا پتا ہے، نہ ہی آرگنائزر کاعلم ہے، یہ بھی واضح نہیں کہ پیسا کہاں سے آ رہا ہے، اس تناظر میں ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی کھلاڑیوں کو تحفظ دینا ضروری ہے۔ چیئرمین پی سی بی کے تحفظات کا تا حال کوئی جواب نہیں دیا گیا ہے۔