کراچی: سندھ حکومت نے ترقیاتی منصوبے تیزی سے مکمل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، محکمہ ترقی و منصوبہ بندی نے ترقیاتی پالیسی جاری کردی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے ترقیاتی منصوبے تیزی سے مکمل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اس سلسلے میں محکمہ ترقی و منصوبہ بندی نے ترقیاتی پالیسی جاری کردی ہے، جاری کردہ ترقیاتی پالیسی کا خط محکمہ خزانہ کو ارسال کردیا گیا۔
محکمہ خزانہ کو جاری کردہ خط میں کہا گیا ہے کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے دو قسطوں میں رقم جاری کی جائے اور 2018-19 میں مکمل اسکیموں کے لیے مقررہ وقت پر رقم جاری کی جائے۔
خط کے متن کے مطابق سالانہ جاری ترقیاتی پروگرام کو مقررہ وقت پر مکمل کرنا ہوگا، ڈھائی کروڑ سے کم والے منصوبوں کے لیے فنڈ جاری کردئیے جائیں، غیرملکی فنڈنگ سے جاری منصوبوں کے لیے دو قسطوں میں رقم مہیا کی جائے۔
واضح رہے کہ کراچی میں جاری گرین لائن بس منصوبہ حکومت کے لیے درد سر بن گیا ہے، منصوبہ تاخیر کا شکار ہونے کے باعث اس کی لاگت میں اربوں روپے اضافے کا خدشہ ہے۔
فروری 2016 میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے کراچی کے گرین لائن منصوبے کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے اسے ایک سال میں مکمل کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم دو سال گزر گئے ابھی تک منصوبہ مکمل نہیں ہوسکا ہے اور آئندہ ایک سال تک اس کے مکمل ہونے کا امکان نظر نہیں آرہا ہے۔
گرین لائن بس منصوبے کی تاخیر کے باعث شہری دھول مٹی کے باعث سانس سمیت مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے اور غیر معیاری گاڑیوں میں سفر کرنے پر مجبور ہیں۔