متنازع گفتگو پر رانا مشہود کی پارٹی رکنیت معطل

03:47 PM, 3 Oct, 2018

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے متنازع گفتگو پر سینئر رہنما رانا مشہود کی پارٹی رکنیت معطل کر دی۔ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق رانا مشہود سے باز پرس کے لیے 3 رکنی خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ کمیٹی میں راجہ ظفر الحق، ایاز صادق اور رانا تنویر شامل ہیں۔

مریم اورنگزیب کے مطابق کمیٹی دو ہفتے میں اپنی سفارشات کے ساتھ رپورٹ پیش کرے گی اور تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں رانا مشہود سے متعلق فیصلہ ہو گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز رانا مشہود نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ سے (ن) لیگ کے معاملات کافی حد تک ٹھیک ہو گئے ہیں جب کہ ان کے بیان پر پارٹی نے نوٹس لیا ہے اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھی رد عمل دیا تھا۔

مزیدخبریں