شوہر نے بیوی، بہو اور کمسن پوتی کو موت کے گھاٹ اتار دیا

10:40 PM, 3 Oct, 2017

نیوویب ڈیسک

ننکانہ صاحب: گھریلو ناچاقی پر مبینہ طور پر شوہر نے چھریوں کے وار کرکے اپنی بیوی، بہو   اور کمسن پوتی   کو موت کے گھاٹ اتاردیا، پولیس نے نعشیں قبضہ میں لیکر پوسٹمارٹم کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب بھجوا دیں، ملزم کی تلاش جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر سانگلہ ہل کے گاؤں کوٹلہ خورد کے رہائشی محمد نواز نے گھریلو ناچاقی پر مبینہ طور پر چھریوں کے وار کرکے اپنی بیوی 55سالہ کوثر  بی بی، بہو  24سالہ عائشہ بی بی اور اڑھائی سالہ پوتی مناہل کو موت کے گھاٹ اتار دیا، وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او ننکانہ صاحب صاحبزادہ بلال عمر، ڈی ایس پی سرکل سانگلہ ہل اختر علی وینس، ایس ایچ او تھانہ صدر سانگلہ ہل نواز ورک، انچارج ہیومی سائیڈ انسپکٹر عارف دیگر پولیس ملازمین کے ہمراہ موقعہ پر پہنچ گئے جنہوں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے نعشیں پوسٹمارٹم کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب بھجوادی ہیں۔

اس موقعہ پر ڈی پی او ننکانہ صاحب صاحبزادہ بلال عمر نے صحافیوں کو بتایا کہ ڈی ایس پی سرکل سانگلہ ہل ، انچارج سی آئی اے اور انچارج ہومی سائیڈ پر مشتمل سپیشل ٹیم تشکیل دیدی ہے جو تمام حقائق کی روشنی میں ملزم کو جلد گرفتار کرکے اسے کیفرکردار تک پہنچائے گی۔

مزیدخبریں