عبدالستار ایدھی کی وفات کے بعد فاؤنڈیشن کے عطیات میں 30 فیصد کمی

11:30 AM, 3 Oct, 2017

کراچی: میڈیا رپورٹس کے مطابق عبدالستار ایدھی کی وفات کے بعد ایدھی فاؤنڈیشن کے ملکی اور غیر ملکی فنڈز میں 30 فیصدتک کمی آئی ہے تاہم ادارے کے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق عبدالستار ایدھی فاؤنڈیشن مزید منصوبوں پر بھی کام شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔ رواں سال ایدھی فاؤنڈیشن نے چین سے 120 ایمبولینس منگوائی ہیں اور ہر ایمبولینس کی مالیت 15 لاکھ روپے ہے۔

ان جدید آلات سے لیس ایمبولینسز کو آپریٹ کرنے کے لیے پیرا میڈک سٹاف اور طبی عملے کو تربیت فراہم کی جائے گی۔ یہ ایمبولینسز بڑے حادثات میں زخمیوں کو ایک سے دوسرے شہر منتقل کرنے کے لیے استعمال کی جائیں گی ۔ ایدھی فاؤنڈیشن نے ایئر ایمبولینسز بھی خریدی ہیں ۔

ایدھی ذرائع کا کہنا ہے کہ فنڈز کا بحران وقتی ہے جس پر جلد قابو پا یا جائے گا کیونکہ عوام شخصیات سے متاثر ہوتے ہیں اور ان کے جانے کے بعد فنڈز میں کمی واقع ہونا فطری امر ہے۔

فیصل ایدھی کی کوشش ہے کہ فنڈز کی کمی جلد از جلد پوری کی جائے ۔ انہوں نے بتایا ایک 6 منزلہ عمارت میں ہسپتال کھولنے کا منصوبہ بھی شروع کیا گیا ہے جو جلد مکمل کر لیا جائے گا ۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں