چاولوں کے بظاہر بیکار سمجھے جانے والے پانی کے حیران کن فوائد

10:31 AM, 3 Oct, 2017

لاہور: چاول ہر ایک کی پسندیدہ غذا ہوتی ہے چاہے یہ بریانی کی شکل میں ہو، پلاﺅ یا سادہ چاول جو دال یا کسی اور سالن کے ساتھ کھائے جائیں مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ چاول پکانے کے لیے انہیں جس پانی میں بھگویا جاتا ہے وہ جلد اور بالوں کے لیے کتنا کارآمد ہوتا ہے؟۔ درحقیقت چاولوں کے اس بظاہر بیکار پانی سے آپ ایسا بہت کچھ کر سکتے ہیں جس کا آپ نے کبھی تصور بھی نہیں کیا ہو گا مگر لوگ اسے پھینک دیتے ہیں۔ ویسے یہ پانی پینا بھی صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔

چند ایسے طریقے جن کے ذریعے آپ چاول کے اس پانی کے استعمال سے حیران کن نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔

جلد کی سوزش یا چنبل کا علاج

چاول کے پانی میں موجود نشاستہ جلد کی سوزش سے نجات دلانے میں مدد دیتا ہے، ایک صاف کپڑے کو پانی میں بھگوئیں اور متاثرہ حصے پر پھیریں، یہ عمل کئی منٹ تک جاری رکھیں اور پھر ہوا سے خشک ہونے دیں۔

چہرے کی صفائی

چاول کے پانی سے چہرے کی صفائی (کلینزنگ) کرنا بہت آسان ہے جس کے لیے روئی کو پانی میں بھگو کر نرمی سے کچھ منٹوں کے لیے چہرے پر مالش کریں۔ اس کے بعد چہرے کو ہوا سے خشک ہونے دیں تاکہ اس پانی میں موجود اجزاء جذب ہو سکیں۔ اس کو معمول بنانا جلد کو نرم ملائم اور ٹائٹ کرنے میں مدد دیتا ہے۔

کیل مہاسوں سے نجات

چاول کا پانی کیل مہاسوں کو ختم کرنے میں مدد دیتا ہے اور دانوں سے ہونے والی سوزش سے بھی نجات دلاتا ہے۔

سورج کی روشنی سے ہونے والی جلن

چاول کے پانی سے سورج کی شعاعوں سے ہونے والی جلن سے بھی ریلیف حاصل کیا جا سکتا ہے۔ یہ اسکن کو جلد ریکور کر کے مزید نقصان سے بچاتی ہے اس مقصد کے لیے چاول کا ٹھنڈا پانی استعمال کیا جاتا ہے۔

بالوں کو دھوئیں

اپنے بالوں کو چاول کے پانی سے دھونے سے ان کی چمک میں اضافہ ہوتا ہے اور یہ انہیں مضبوط و صحت مند بھی رکھتا ہے۔ شیمپو کے بعد بالوں پر یہ پانی انڈیلیں اور نرمی سے سر اور بالوں کی مالش کریں جس کے بعد عام پانی سے دھو لیں۔ ہفتے میں ایک سے دو بار یہ عمل دہرائیں۔

ہیئر کنڈیشنر

چاول کا پانی ہیئر کنڈیشنر کے طور پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے اس میں لیونڈر آئل کے چند قطروں کو شامل کر دیں اور پھر اس پانی کو بالوں پر لگائیں اور 10 منٹ تک لگا رہنے دیں پر ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں