واشنگٹن: گوگل نے اپنی مشہور سروس گوگل میپس میں جیمنائی آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ماڈل پر مبنی نئے فیچرز متعارف کروا دیے ہیں۔ نئی اپڈیٹس کی بدولت صارفین اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے سیاحت کے لیے نئے مقامات دریافت کر سکیں گے اور مختلف جگہوں کے بارے میں سوالات کے جوابات بھی فوری حاصل کر سکیں گے۔
گوگل نے میپس میں نیویگیشن فیچرز کو مزید بہتر بنایا ہے، جس میں ڈرائیورز کے لیے "ایڈ اسٹاپس" کا فیچر شامل کیا گیا ہے۔ یہ فیچر اہم مقامات، تفریحی مراکز اور کھانے پینے کی جگہوں کو بہترین راستوں کے ساتھ تجویز کرے گا، جس سے سفر کے دوران سہولت ہوگی۔
مزید برآں، گوگل نے ویدر الرٹ سسٹم بھی پیش کیا ہے، جس سے ڈرائیورز خراب موسم کی وجہ سے درپیش مشکلات کی اطلاع دے سکیں گے، تاکہ دوسرے صارفین بھی محتاط رہیں۔
اگر صارفین کسی دوست کے ساتھ سیاحت کی منصوبہ بندی کر رہے ہوں تو میپس کے سرچ بار میں سوالات پوچھ کر بہترین تجاویز حاصل کر سکتے ہیں۔ جیمنائی اے آئی ماڈل مقامات اور وقت کے حساب سے تجاویز فراہم کرے گا اور سوالات کے جوابات بھی دے گا۔
گوگل کے مطابق یہ فیچرز ابتدائی طور پر امریکہ میں دستیاب ہوں گے اور آئندہ چند ہفتوں میں بتدریج دیگر ممالک میں بھی متعارف کرائے جائیں گے۔