لاہور : معروف فوک گلوکارہ ریشماں کو مداحوں سے بچھڑے 11 برس بیت گئے، لیکن ان کی آواز کا سحر آج بھی برقرار ہے۔
ریشماں، جو "بُلبلِ صحرا" کے نام سے مشہور تھیں، 1947 میں راجستھان میں پیدا ہوئیں اور تقسیم کے بعد ان کا خاندان کراچی منتقل ہوا۔
کسی کلاسیکی موسیقی کی تربیت کے بغیر، ریشماں نے بچپن سے ہی صوفیانہ کلام گانا شروع کیا۔ 12 سال کی عمر میں انہیں ریڈیو پاکستان پر گانے کا موقع ملا، جس کے بعد 1960 کی دہائی میں پاکستان ٹیلی ویژن کے آغاز کے ساتھ ان کی شہرت میں مزید اضافہ ہوا۔
انہوں نے پاکستانی فلموں کے لیے بھی متعدد مقبول گانے گائے، جن میں "سُن چرخے دی مِٹھی مِٹھی کُوک"، "وے میں چوری چوری"، اور "ہائے ربا نیئوں لگدا دِل میرا" شامل ہیں۔
ریشماں کو ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز اور "لیجنڈز آف پاکستان" جیسے اعزازات سے بھی نوازا گیا۔ وہ 3 نومبر 2013 کو لاہور میں گلے کے سرطان کے باعث انتقال کر گئیں۔ آج بھی ان کی گائیکی کا جادو لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے۔