تہران : ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ملکی فورسز کو اسرائیل پر حملے کی تیاری کا حکم دے دیا ہے۔
انہوں نے تہران میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف کسی بھی اقدام کا سخت جواب دیا جائے گا اور اسرائیل کو اس کے اقدامات کا منہ توڑ جواب ملے گا۔
اس دوران، امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران 5 نومبر کو اسرائیل پر حملہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ امریکا نے ایران کو سختی سے متنبہ کیا ہے کہ اگر ایران نے دوبارہ حملہ کیا تو وہ اسرائیل کی جوابی کارروائی میں رکاوٹ نہیں بنے گا۔
یاد رہے کہ یکم اکتوبر کو ایران نے اسرائیل پر 400 سے زائد بیلسٹک میزائل داغے تھے۔ پاسداران انقلاب نے اس حملے کو حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ اور حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصراللہ پر حملے کا بدلہ قرار دیا تھا۔
پاسداران انقلاب نے مزید خبردار کیا کہ اگر اسرائیل نے اس کے آپریشن پر فوجی رد عمل ظاہر کیا تو اسے شدید اور تباہ کن حملوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس کے جواب میں، اسرائیل نے 26 اکتوبر کو تہران، شیراز اور کرج پر فضائی حملے کیے تھے۔