اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے پشاور ہائیکورٹ میں ایک رپورٹ پیش کی ہے، جس میں ٹک ٹاک اور دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر فحش اور توہین مذہب مواد کی موجودگی کا ذکر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، 2020 سے اب تک ٹک ٹاک پر ایک لاکھ 14 ہزار 15 غیر اخلاقی ویڈیوز اپ لوڈ کی گئی ہیں، جن کے نتیجے میں ایک لاکھ 13 ہزار 133 اکاؤنٹس بلاک کیے گئے۔ اسی طرح مذہب کے خلاف 2 ہزار 463 پوسٹس بھی اپ لوڈ ہوئیں، جنہیں بلاک کر دیا گیا۔
رواں سال 25 ہزار 267 غیراخلاقی مواد اپ لوڈ ہوا، جس پر 24 ہزار 800 اکاؤنٹس کو بلاک کیا گیا۔
مزید برآں، دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے فیس بک، انسٹاگرام، یوٹیوب، اور ایکس پر 13 لاکھ 89 ہزار 181 غیر اخلاقی مواد اپ لوڈ ہوا، جن میں سے 13 لاکھ 3 ہزار 578 لنکس کو بلاک کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، فیس بک پر 1 لاکھ 47 ہزار 579، انسٹاگرام پر 22 ہزار 357، اسنیک ویڈیو پر 6 ہزار 728، ٹک ٹاک پر 1 لاکھ 25 ہزار 600،جبکہ یوٹیوب پر 53 ہزار 162، اور ایکس پر 53 ہزار 842 لنکس بلاک کیے گئے ہیں۔